حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجدِ عسکری کریم پور میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید وصی حیدر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے تقویٰ الٰہی، عظمتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، دفاعِ ولایت، مظلومیتِ اہل بیت علیہم السلام اور امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایامِ فاطمیہ محض سوگواری اور عزاداری کے ایام نہیں، بلکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت کو پہچاننے، ان کے حقوق کے دفاع، ولایت کی حفاظت اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا موقع ہیں۔
خطبۂ اول: تقویٰ الٰہی اور عظمتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا
مولانا سید وصی حیدر رضوی نے خطبۂ اول کا آغاز قرآن مجید کی آیتِ مبارکہ: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا قُوا أَنْفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًا (اے ایمان والو! اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو آتشِ جہنم سے بچاؤ۔) کی تلاوت سے کیا اور تقویٰ الٰہی، دینی ذمہ داریوں اور اہل و عیال کی دینی و اخلاقی تربیت کی اہمیت بیان کی۔ ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے انہوں نے سورۂ احزاب کی آیت 57 بھی تلاوت کی: إِنَّ الَّذِينَ يُؤْذُونَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ لَعَنَهُمُ اللَّهُ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ (بے شک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کو اذیت پہنچاتے ہیں، اللہ نے ان پر دنیا اور آخرت میں لعنت کی ہے۔) اس آیت کی روشنی میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت اور آپ کے اہل بیت علیہم السلام کے مقام و منزلت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی اس حدیث کو بیان کیا: نَحْنُ حُجَّةُ اللَّهِ عَلَى خَلْقِهِ، وَجَدَّتُنَا فَاطِمَةُ حُجَّةُ اللَّهِ عَلَيْنَا۔ (ہم اللہ کی مخلوق پر اللہ کی حجت ہیں اور ہماری جدہ فاطمہ ہمارے اوپر اللہ کی حجت ہیں۔)
انہوں نے اس حدیث کی وضاحت کرتے ہوئے سامعین کے سامنے ایک بنیادی سوال رکھا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا علم کس ذریعے سے حاصل ہوا؟ قرآن مجید کے ذریعے، اور قرآن کا پیغام ہم تک کس نے پہنچایا؟ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے۔ لہٰذا جب خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت کو واضح فرمایا ہے تو اس مقام کو سمجھنے کے لیے آپ کے فرامین کو کس قدر اہمیت دینی چاہیے۔
اس سلسلے میں انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معروف حدیث: فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي۔ (فاطمہ میرا ٹکڑا ہے۔) اور ایک دوسری روایت: إِنَّ اللَّهَ يَغْضَبُ لِغَضَبِ فَاطِمَةَ وَيَرْضَى لِرِضَاهَا۔ (بے شک اللہ فاطمہ کی ناراضی سے ناراض اور ان کی رضا سے راضی ہوتا ہے۔) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ روایات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور مقام کو سمجھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے اس نکتے کی طرف بھی توجہ دلائی کہ عام طور پر بیٹیاں اپنے والد کے احترام میں کھڑی ہوتی ہیں، لیکن رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی دخترِ گرامی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے احترام میں کھڑے ہوتے تھے۔ اس طرزِ عمل کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت کو اپنی بیٹی کے غیر معمولی مقام و منزلت سے آگاہ کرنا چاہتے تھے۔

خطیبِ جمعہ نے مزید کہا کہ ایامِ فاطمیہ کا حقیقی پیغام صرف مصائب کا تذکرہ اور گریہ و ماتم نہیں، بلکہ سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت، ان کے حقوق کی پاسداری، دفاعِ ولایت اور ان کی مظلومیت کو زندہ رکھنے کا عہد بھی ہے۔
اسی ضمن میں انہوں نے واقعۂ شہادت کے بعض تاریخی شواہد کا ذکر کرتے ہوئے جناب سلیم اور سلمان فارسی کے درمیان منقول گفتگو بیان کی۔ روایت کے مطابق، جب جناب سلیم نے واقعے کے حالات قلم بند کرنے کے سلسلے میں سلمان فارسی سے دریافت کیا کہ کیا لوگ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر میں بغیر اجازت داخل ہوئے تھے تو سلمان فارسی نے جواب دیا: وَاللَّهِ دَخَلُوا، وَلَمْ يَكُنْ عَلَى الزَّهْرَاءِ خِمَارٌ۔ (خدا کی قسم! وہ داخل ہوئے، جبکہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے سر پر چادر بھی نہ تھی۔)
مولانا وصی حیدر رضوی نے اس واقعے کے ذریعے اہل بیت علیہم السلام کے گھر کی حرمت و عظمت کی طرف اشارہ کیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ وہ گھر کس قدر محترم تھا جس کے بارے میں دینی روایات میں فرشتوں کے بھی اجازت لے کر داخل ہونے کا تذکرہ ملتا ہے۔
خطبۂ دوم: صبر و استقامتِ امام علیؑ اور دفاعِ ولایت میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا کردار
خطبۂ دوم میں مولانا سید وصی حیدر رضوی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کو درپیش حالات، آپ کی مظلومیت اور دینِ اسلام کے تحفظ کے لیے اختیار کردہ صبر و استقامت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے ایک واقعہ بیان کیا کہ جب امام علی علیہ السلام کے گلے میں رسی ڈال کر آپ کو لے جایا جا رہا تھا تو ایک یہودی آپ کے قریب آیا اور روتے ہوئے درخواست کی کہ اسے کلمۂ شہادت پڑھا دیا جائے۔ امام علی علیہ السلام نے اس سے دریافت فرمایا کہ تم نے آج تک اسلام قبول کیوں نہیں کیا اور آج اس حالت میں کلمہ پڑھنے کی درخواست کیوں کر رہے ہو؟
اس نے عرض کیا کہ میں نے آپ کو خیبر اور خندق کے میدانوں میں شجاعت و بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے بھی دیکھا ہے اور آج اس حالت میں بھی دیکھ رہا ہوں۔ اس مشاہدے نے مجھے یقین دلایا ہے کہ آپ کے اندر کوئی ایسی خدائی قوت اور مقصد موجود ہے جس کی خاطر کبھی آپ میدانِ جنگ میں شمشیر اٹھاتے ہیں اور کبھی دین کی مصلحت کے لیے صبر و خاموشی اختیار کرتے ہیں۔
خطیبِ جمعہ نے اس واقعے کے ذریعے امام علی علیہ السلام کی شخصیت کے دو اہم پہلوؤں، یعنی میدانِ جہاد میں شجاعت اور دین کے تحفظ کے لیے صبر و استقامت، کو نمایاں کیا۔
بعد ازاں انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی جانب سے واقعۂ غدیر کی یاد دہانی اور ولایتِ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے دفاع کے لیے کی جانے والی کوششوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا مختلف افراد کے گھروں پر تشریف لے جاتی تھیں اور انہیں غدیر کے عہد اور ولایتِ علی علیہ السلام سے متعلق اپنی ذمہ داری یاد دلاتی تھیں۔
اسی سلسلے میں جابر بن عبداللہ انصاری کے گھر تشریف لے جانے کا واقعہ بیان کیا گیا، جہاں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے ولایتِ علی علیہ السلام کے حوالے سے اپنا موقف واضح کیا اور اپنی ناراضی کا اظہار فرمایا۔
مولانا وصی حیدر رضوی نے اس موقع پر ایک مرتبہ پھر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث: إِنَّ اللَّهَ يَغْضَبُ لِغَضَبِ فَاطِمَةَ وَيَرْضَى لِرِضَاهَا۔
کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رضا و ناراضی معمولی معاملہ نہیں، بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے اللہ تعالیٰ کی رضا و ناراضی سے وابستہ فرمایا ہے۔
انہوں نے خطبۂ فدکیہ کے ایک اہم حصے کی طرف سامعین کی توجہ مبذول کراتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ان کلمات کو بیان کیا: أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، وَأَشْهَدُ أَنَّ أَبِي مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ۔
اس کے بعد آپ کے ان الفاظ کا حوالہ دیا: أَيُّهَا النَّاسُ، اعْلَمُوا أَنِّي فَاطِمَةُ، وَأَبِي مُحَمَّدٌ۔ (اے لوگو! جان لو کہ میں فاطمہ ہوں اور میرے والد محمد ہیں۔)
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مدینہ کے لوگ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو نہیں پہچانتے تھے؟ یقیناً سب آپ کو جانتے تھے، لیکن اس کے باوجود آپ کا اپنا اور اپنے والد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تعارف کرانا ایک خاص پیغام کا حامل تھا۔ آپ امت کو یاد دلانا چاہتی تھیں کہ میں وہی فاطمہ ہوں جس کے احترام میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہوتے تھے، جس کے مقام و منزلت کو خود رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیان فرمایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یہ تعارف محض ایک بیٹی کی جانب سے اپنے والد کا حوالہ نہیں تھا، بلکہ اس میں امت کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرامین اور اہل بیت علیہم السلام کے حقوق کی یاد دہانی کرانے کا ایک گہرا پیغام پوشیدہ تھا۔
غزہ کے مظلوم عوام اور امتِ مسلمہ کی ذمہ داریاں
خطاب کے آخری حصے میں مولانا سید وصی حیدر رضوی نے موجودہ عالمی حالات اور بالخصوص غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے 57 اسلامی ممالک کے ہوتے ہوئے بھی غزہ کے مظلوم عوام ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں؛ ایسے میں امتِ مسلمہ کی ذمہ داری کیا ہے اور مظلوموں کی حمایت کے لیے عملی اقدامات کیوں نظر نہیں آتے؟
انہوں نے کہا کہ اگر ہم مسلمان ہونے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں تو مظلوموں کی حمایت، حق و انصاف کا دفاع اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی ہماری دینی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غزہ کے موجودہ حالات کو تاریخِ اسلام کے واقعات کا براہِ راست ثبوت قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم یہ صورتِ حال انسانیت کے سامنے ایک زندہ مثال ضرور ہے کہ جب کسی مظلوم پر ظلم ہوتا ہے اور طاقتور حلقے خاموش تماشائی بنے رہتے ہیں تو مظلوم کی آواز کس طرح تنہا رہ جاتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے حالات ہمیں مظلوموں کی حمایت، حق گوئی اور ظلم کے خلاف عملی جدوجہد کا درس دیتے ہیں۔ اسی جذبۂ حق طلبی کے ساتھ تاریخِ اسلام میں اہل بیت علیہم السلام پر ہونے والے مظالم کو سمجھنے، ان کے حقوق کا دفاع کرنے اور حق و انصاف کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔
اختتامی دعا اور ایامِ فاطمیہ کے پروگراموں میں شرکت کی تاکید
خطاب کے اختتام پر مولانا سید وصی حیدر رضوی نے تمام مومنین و مومنات کو ایامِ فاطمیہ کی مجالسِ عزا میں بھرپور شرکت کرنے اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و تعلیمات سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے ان تمام انجمنوں، کمیٹیوں اور مومنین کے لیے خصوصی دعا کی جو مجالسِ عزا، عزاداری اور دیگر دینی پروگراموں کے انعقاد میں محنت و خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے تمام انجمنوں اور کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اتحاد، تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ دینی و مذہبی سرگرمیوں کو آگے بڑھائیں۔
آخر میں انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی، سربلندی اور حفاظت، مقام معظم رہبری آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور دیگر دینی رہنماؤں کی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے پسماندگان کے لیے صبر و اجر، بارانِ رحمت و نزولِ برکات، ہندوستان میں امن و شانتی اور بھائی چارے کے فروغ، پوری دنیا میں امن و امان اور مظلوموں کی نصرت کے لیے دعا کی۔
انہوں نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل اور ایامِ فاطمیہ میں مجالس، عزاداری اور دینی خدمات انجام دینے والے تمام مومنین و مومنات کی توفیقات میں اضافے کے لیے بھی بارگاہِ الٰہی میں دعا کی۔










آپ کا تبصرہ